خیبر پختونخوا

ڈی آئی خان شور کوٹ میں طلباء واش رومز جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم

 

خالدہ نیاز

ڈیرہ اسماعیل خان کےعلاقے شور کوٹ کے گورنمنٹ پرائمری سکول نمبرتین میں واش رومز کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے طلباء مشکلات کا شکار ہیں۔

مقامی شخص گل سونا جو مذکورہ سکول کا پیرنٹ ٹیچرکونسل کا چیئرمین بھی ہے نے بتایا کہ سکول میں واش رومز نہ ہونے کی وجہ سے بچے شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور رفع حاجت کے وقت وہ قریبی گھروں میں جاکر اپنی ضرورت پوری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں پرانے واش رومز ہیں لیکن وہ قابل استعمال نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکول میں واش رومز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ بنیادی سہولت ہے جس سے طلباء محروم ہیں اور اس سے ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔

گل سونا کے مطابق انکی مہینے میں ایک میٹنگ بھی ہوتی ہیں جس میں انہوں نے اس مسئلے کو باربار اٹھایا ہے اور متعلقہ حکام تک بھی پہنچایا ہے لیکن پھر بھی ابھی تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوا اور بجٹ اتنا ہوتا کہ وہ سکول میں طلباء کے لیے واش رومز بنا سکیں۔

علاقائی تنظیم گل کمیونٹی آرگنائزیشن کے نمائندے گل حسن نے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذکورہ سکول میں واش رومز کی سہولت دینے کے لیے عمر اصغر خان فاونڈیشن کے ساتھ ملکر بہت کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا اس سلسلے میں سکول کے اساتذہ اور پیرنٹ ٹیچرکونسل سے بھی دو بار ملاقاتیں کرچکے ہیں تاہم اساتذہ کا کہنا ہیں کہ ان کے پاس جی پی ایس فنڈ بہت کم ہوتا ہے اور اس میں صرف سکول میں مرمت کا کام کرلیتے ہیں البتہ فنڈ اتنا نہیں ہوتا کہ وہ اس سے سکول میں واش رومز بھی بناسکیں۔

گل حسن نے بتایا کہ علاقے میں دو اور سکولوں میں طلباء کو یو این ڈی پی کے تعاون سے واش رومز کی سہولت میسر ہوچکی ہیں البتہ گورنمنٹ پرائمری سکول ابھی تک واش رومز کی سہولت سے محروم ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی تعلیم افسرمسرت حسین بلوچ نے بتایا کہ انہوں نے تمام سکولوں کے پرنسپلز کو ہدایات جاری کی ہے کہ ان کے سکولوں میں جن جن سہولیات کی کمی ہے اس حوالے سے انکو پروفارمہ بھیجیں تو وہ اعلیٰ افسران تک انکی درخواست پہنچادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں واش رومز سمیت جتنی بھی بنیادی ضروریات ہوتی ہیں تو وہ اپنے فنڈ سے بھی اس کو پورا کرتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button