مون سون بارشیں، خیبر پختونخوا کے 9 اضلاع حساس اور حساس ترین قرار
مون سون میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر پشاور، چترال، نوشہرہ، سوات اور چارسدہ سمیت صوبے کے نو اضلاع کو حساس اور حساس ترین قرار دیا جا رہا ہے۔
مون سون میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، صوبے کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے اس سلسلے میں رپورٹس طلب کی گئی ہیں کہ کس کس ضلع میں کیا کیا اقدامات مزید کئے جائیں اور اب تک کئے جانے والے اقدامات سے صوبائی حکومت کو آگاہ کیا جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ مون سون میں شدید بارشوں اور سیلاب کے خطرات کے پیش نظر ابھی سے اقدامات شروع کردیئے ہیں تاکہ بروقت اقدامات ہو سکے اور جانی اور مالی نقصانات کم از کم ہو۔ آئندہ گرمی کے سیزن میں چترال، مالاکنڈ ڈویژن کے پہاڑوں پر برف کے پگھلنے سے دریاؤں میں طغیانی آنے اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ کے امکانات بھی ہیں کورونا وائرس کے باعث عام تعطیلات سے اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات جزوی طور پر بند پڑ گئے ہیں۔