چارسدہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض جاں بحق ہوگیا
چارسدہ کے علاقہ سٹیشن کورونہ میں چند روز قبل کورونا وائرس سے متاثرہ مومن خان نامی شخص جان بحق ہوگیا۔ ضلع چارسدہ کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیروز شاہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 22 اپریل 2020 کو ضلع بھر میں کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی تعداد 255 تھی جن میں ایک مریض کی فوتگی ہوئی ہے، جبکہ 14 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے تمام مشتبہ افراد کے لیئے گئے ٹیسٹ نتائج کے مطابق 36 افراد کے نتائج مثبت جبکہ 202 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں۔ مزید 17 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج تاحال موصول نہیں ہوئے ہیں۔
ضلع چارسدہ کے تینوں تحصلیوں کے اعداد و شمار کے مطابق تحصیل چارسدہ میں اس وقت کورونا وائرس کے 125 مشتبہ افراد موجود ہیں جبکہ تحصیل تنگی میں 79 اور تحصیل شبقدر میں 49 مشتبہ مریض زیر نگرانی ہیں۔ تحصیل کی سطح پر کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد تحصیل چارسدہ میں 21، تحصیل تنگی میں 8 اور تحصیل شبقدر میں 7 ہے ۔
تحصیل چارسدہ کے مصدقہ مریضوں میں 20 مقامی جبکہ ایک چینی باشندہ شامل ہے جو تبلیغی جماعت کا رکن تھا ۔ تحصیل تنگی میں 4 مقامی باشندوں کے علاوہ کرغستان کے 2 شہری، ایبٹ آباد کا ایک رہائشی اور بلوچستان سے آیا ہوا ایک شخص شامل ہے جو تبلیغی جماعت کے ارکان تھے ۔ تحصیل شبقدر کے دو مقامی مریضوں کے علاوہ ایک کا تعلق ملتان، دو کا بلوچستان، ایک کا راجن پور اور ایک کا کوئٹہ سے ہے جو تبلیغ کے لیئے شبقدر ائے ہوئے تھے۔