مردان، اداکارہ گلالئی کا قاتل پولیس مقابلے میں ہلاک
مردان میں اداکارہ گلالئی سمیت قتل و دیگر مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ اشتہاری ملزم ہولیس مقابلے میں مارا گیا۔
پولیس کے مطابق تحصیل کاٹلنگ کے علاقے سنگاﺅ پہاڑی پر ڈی پی او مردان سجاد خان کی قیادت میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فنکارہ گلالئی اور سپاہی طارق کے قتل اور دیگر درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم محمد یاسر ولد شاہد کو ہلاک کر دیا۔
ڈی پی او سجاد خان نے اخباری نمائندوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طورو مردان سے تعلق رکھنے والا اشتہاری ملزم محمد یاسر ولد شاہد، جو اج الصبح سنگاﺅ پہاڑی پر پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے، سے کلاشن کوف اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کر لئے گئے۔
ڈی پی او کے مطابق اشتہاری ملزم فنکارہ گلالئی کے قتل میں ملوث تھا جبکہ 2013 میں ہوتی تھانہ کے سپاہی طارق کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، چارسدہ صوابی مردان اور بونیر میں اجرت پر کئی افراد کے قتل میں ملوث تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
لبنیٰ قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار
انہوں نے بتایا کہ ملزم یاسر آج علی الصبح سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں پولیس سے مقابلے میں ہلاک ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال 22 فروری کو مردان میں ایک نوجوان خاتون کی لاش ملی تھی جسے قتل کرنے کے بعد کھیتوں میں پھینک دیا گیا تھا، بعدازاں معلوم ہوا کہ لاش پشتو سی ڈی ڈراموں کی خوبرو فنکارہ گلالئی کی تھی۔
اسی روز مردان پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ لبنیٰ المعروف گلالئی کو وحشیانہ تشدد کے ذریعے قتل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔