پاکستان میں 90 ڈاکٹرز بھی کورونا وائرس کا شکار
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے طبی اور نیم طبی عملے کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی حکام کے مطابق ملک بھر میں اس وقت طبی اور نیم طبی عملے کے 180 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جن میں سے 90 ڈاکٹر بھی ہیں۔
حکام کے مطابق ملک کے مختلف ہسپتالوں کے 60 سے زیادہ پیرامیڈکس اور دیگر عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے جن میں سے اب تک 30 نرسز میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 11 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ پاکستان میں گزشتہ 2 ماہ میں 2 ڈاکٹر اور ایک نرس وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
وفاقی حکام کے مطابق 16 اپریل تک سندھ میں 45، پنجاب 44، خیبر پختونخوا 39، اسلام آباد 15، بلوچستان 20، آزاد کشمیر 4 اور گلگت بلتستان میں 2 طبی اور نیم طبی عملے کے افراد وائرس کا شکار ہوئے تھے، اس متاثرہ طبی عملے کی اکثریت یا تو ہسپتالوں میں زیر علاج ہے یا انہیں گھروں پر آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں طبی عملے کے ایک فرد کی حالت تشویشناک ہے اور پنجاب میں بھی ایک پروفیسر وینٹی لیٹر پر ہیں۔ حکام کے مطابق 200 سے زائد مزید طبی ونیم طبی عملے کے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جس کے نتیجے کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 7 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہلاکتیں بھی 135 تک جا پہنچی ہیں۔