مانسہرہ میں کرونا کا ایک اور مریض دم توڑ گیا، ضلع میں تعداد 4 ہو گئی
مانسہرہ میں کرونا کا ایک اور مریض ہسپتال میں دم توڑ گیا جس کے ساتھ ضلع میں کورونا وائرس سے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی
نمائندہ ٹی این این کے مطابق یو سی ڈھوڈیال گیروال کے رہائشی کورونا وائرس کے شکار خاندان میں ایک فرد جمیل الرحمن داعی اجل کو لبیک کہہ گئے، بروز جمعرات ساڑھے 4 بجے نمازِ جنازہ کے بعد حفاظتی انتظامات کے ساتھ سپرد خاک کئے گئے۔
متاثرہ خاندان میں گیارہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
مانسہرہ کے علاقے یو سی ڈھوڈیال کے رہائشی ہزارہ یونیورسٹی جامع مسجد کے خطیب مولانا مشتاق احمد دو ہفتہ قبل کورونا وائرس کا شکار ھو گئے تھے، بعد ازاں ان کی پوری فیملی میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن کو قرنطینہ اور آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا جبکہ مزید کیسز کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے پورا محلہ سیل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 10 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 128 (اب 129) ہو گئی تھی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6879 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں ہونے والی 128 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 45 اور خیبر پختونخوا میں 42 (اب 43) ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 34 ، بلوچستان میں 3، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔