مردان میں مزید 6 غیرملکی تبلیغی حضرات نے کورونا کو شکست دے دی
مردان میں تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 6 غیر ملکی افراد نے کورونا کو شکست دے دی جنہیں ہسپتال سے پھولوں کے گلدستوں اور ہاروں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
مردان میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر مختیار کے مطابق کورونا سے صحتیاب ہونے والوں میں 4 افراد کا تعلق جنوبی افریقہ، ایک کا چین اور ایک کا افغانستان سے تھا۔
ان چھ افراد کو 14 دن پہلے کورونا کے ٹسٹس مثبت آنے پر مردان میڈیکل کمپلکس کے آئسولیشن وارڈ میں میں داخل کردیا گیا تھا جبکہ اب نمونوں کے نتائج مسلسل دو بار منفی آنے پر انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔
ڈاکٹر مختیار کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ ساتواں غیرملکی بھی ہسپتال میں داخل تھا جن کے دوبارہ نتائج ابھی تک موصول نہیں ہوئے۔
خیال رہے کہ مردان میں اس سے پہلے بھی تبلیغی جماعت کے تین غیرملکی حضرات کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ روز مزید پانچ میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرمردان عابد وزیر نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ رستم کے مسجد میں تبلیغی جماعت کے پندرہ غیر ملکی ارکان کو قرنطینہ کردیا گیا تھا جن سے کوروناوائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے جس کا نتیجہ 14اپریل کو ضلعی انتظامیہ کو موصول ہوا جن میں پانچ غیر ملکیوں کے ٹیسٹ مثبت اور دس کے منفی آگئے۔
ڈپٹی کمشنر عابد وزیر نے کہا کہ جن غیرملکی افراد کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا ہے ان میں 2انڈونیشیا 1کینیا،1فلسطین کا اورایک صومالیہ سے تعلق رکھتا ہے اور ان متاثرہ افراد کو عبدالولی خان یونیورسٹی کے آئسولیشن رومز میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کوروناوائرس کی تصدیق کے باوجود تمام غیرملکیوں کی صحت تسلی بخش ہیں اورجن افراد کے ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئے ہیں وہ اس وقت جھنڈے کے تبلیغی مرکز کے قرنطینہ سنٹر میں رکھے گئےہیں۔
ڈپٹی کمشنر مردان عابد وزیر نے مزید بتایا کہ مردان میں اس وقت 149غیرملکی تبلیغی موجود ہیں جن کو مردان تبلیغی مرکز اوردیگر مساجد میں قرنطائن کردیا گیا ہے جبکہ اس سے پہلے بھی تین غیر ملکی افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو کہ اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔
مردان میں ضلع انتظامیہ کے مطابق 14اپریل تک 105افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوچکی ہے اور تین افراد کوروناوائرس سے جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 247افراد صحت یاب ہوکر قرنطینہ سنٹروں سے گھروں کو بھیج دیئے گئے ہی