خیبر پختونخوا

مردان: مزید 5 غیرملکی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

 

مردان میں مزید پانچ غیر ملکی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ٹیسٹ پازیٹیو آنے پرپانچوں غیر ملکی یونیورسٹی کے قرنطینہ سنٹر کے آئسولیشن وارڈمنتقل کردیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرمردان عابد وزیر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقہ رستم کے مسجد میں تبلیغی جماعت کے پندرہ غیر ملکی ارکان کو قرنطینہ کردیا گیا تھا جن سے کوروناوائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے جس کا نتیجہ 14اپریل کو ضلعی انتظامیہ کو موصول ہوا جن میں پانچ غیر ملکیوں کے ٹیسٹ مثبت اور دس کے منفی آگئے۔

ڈپٹی کمشنر عابد وزیر نے کہا کہ  جن غیرملکی افراد کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا ہے ان میں 2انڈونیشیا 1کینیا،1فلسطین کا اورایک صومالیہ سے تعلق رکھتا ہے اور ان متاثرہ افراد کو عبدالولی خان یونیورسٹی کے آئسولیشن رومز میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کوروناوائرس کی تصدیق کے باوجود تمام غیرملکیوں کی صحت تسلی بخش ہیں اورجن افراد کے ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئے ہیں وہ اس وقت جھنڈے کے تبلیغی مرکز کے قرنطینہ سنٹر میں رکھے گئےہیں۔

ڈپٹی کمشنر مردان عابد وزیر نے مزید بتایا کہ مردان میں اس وقت 149غیرملکی تبلیغی موجود ہیں جن کو مردان تبلیغی مرکز اوردیگر مساجد میں قرنطائن کردیا گیا ہے جبکہ اس سے پہلے بھی تین غیر ملکی افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوئی تھی جو کہ اب صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مردان میں ضلع انتظامیہ کے مطابق 14اپریل تک 105افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوچکی ہے اور تین افراد کوروناوائرس سے جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 247افراد صحت یاب ہوکر قرنطینہ سنٹروں سے گھروں کو بھیج دیئے گئے ہیں۔

‘حکومت لاک ڈاؤن کے فیصلے پرنظرثانی کریں’

دوسری جانب مردان میں مرکزی تنظیم تاجران ظاہر شاہ گروپ نے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت 20اپریل سے قبل تاجروں سے مذاکرات کریں اور ہمارے جائز مطالبات پر ہمدردانہ غورکیاجائے بصورت دیگرہم احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

اس حوالے سے مردان چیمبر آف کامرس میں اجلاس زیر صدارت صوبائی جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ منعقد ہوا جس میں چیمبر کے صدر کلیم اللہ امجد، سینئر نائب صدر حاجی اویس خان، چیئرمین غلام سرور صراف،جنرل سیکرٹری وقار باچہ اور تخت بھائی صدر طارق خان،کاٹلنگ کے صدر سراج خان،رستم کے صدر سید منیر،نیواڈہ کے صدر والد میرکشمیری،بکٹ گنج کے صدر شہزاد خان، صاحبزادہ،شہیدان کے صدر حافظ داؤد اورحاجی محمد حسین سمیت مختلف بازاروں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔

ظاہر شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاروبار کی بندش سے تاجر معاشی مشکلات کے شکارہوگئے ہیں حکومت تاجروں کے مسائل کا ادراک کریں اورسنجیدگی سے غورکریں جس طرح دیگر کاروبار کے لئے ایس او پیز بنائے گئے ہیں اس طرح دکانداروں کے لئے بھی ایس او پیز بنائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ سبزی منڈی میں کاروبار چل سکتاہے تودوکانداروں کو بھی اپنے کاروبار چلانے کی اجازت دی جائے۔ صدر ظاہر شا ہ نے کنٹریکشن انڈسٹری کھولنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ماربل،سینیٹری،ہارڈویئیر،سیمنٹ،سریا،بجلی سامان،ٹرانسپورٹ اوردیگر متعلقہ کاروبار نہیں کھولے جاتے کنٹریکشن انڈسٹری کھولنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں تاجروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں ان کے ذمے تمام بلز معاف کئے جائیں اورخصوصی ریلیف پیکج دیا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button