احساس کفالت پروگرام، پشاور میں 16، مردان میں 6 ری ٹیلرز گرفتار
پشاور میں انتظامیہ کی جانب سے دو مختلف کارروائیوں میں احساس کفالت پروگرام می رقوم کی تقسیم کے وقت رقم بٹورنے پر 16 ری ٹیلرز گرفتار کر لئے گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ایک خاتون کی شکایت پر پشاور کے نواحی گاؤں ماشوخیل سکول میں احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت تقسیم کی جانے والی رقم میں فی فرد 200 روپے وصول کرنے والے الفلاح کمپنی کے ڈیوائس آپریٹر کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔
انچارج چوکی شہاب خیل امتیاز خان اور اسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ آرمی کے اہلکاروں نے بھی کارروائی میں حصہ لیا، گرفتار شدہ الفلاح ڈیوائس آپریٹر سمیت تمام افراد کو اسسٹنٹ کمشنر کے حوالہ کردیا گیا۔
دوسری جانب پشاور انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر ری ٹیلرز کا معائنہ کیا گیا اور چارسدہ روڈ، جی ٹی روڈ اور اندرون شہر، چمکنی و دیگر علاقے، پشتخرہ اور کوہاٹ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں مستحقین سے رقم بٹورنے پر 15 ریٹیلر کو گرفتار کر لیا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ گرفتار ریٹیلر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مستحقین ریٹیلرز سے پوری رقم (12000) حاصل کریں، اگر کوئی ریٹیلر مستحقین سے کٹوتی کرے تو فوری طور پر موقع پر ضلعی انتظامیہ یا پولیس کو اطلاع دیں، مستحقین کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب مردان میں بھی احساس ایمرجنسی ریلیف پیکج پروگرام میں معصوم لوگوں سے دھوکہ دہی اور فریب سے رقم بٹورنے والے 6 نوسرباز گرفتار کر لئے جن کے قبضہ سے موبائل فونز اور لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی گئی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق موجودہ حالات کرونا وباء کے پیش نظرمستحق افراد کو حکومت کی جانب سے احساس پروگرام کے تحت دی جانے والی رقوم میں لوگوں سے دھوکہ دہی اور فریب سے رقم بٹورنے والے عناصر کے خلاف شکایات موصول ہوئیں جس کا ڈی پی او نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔
تھانہ پارہوتی، گڑھی کپورہ اور سٹی پولیس نے 6 نوسرباز افراد کو رنگے ہاتوں گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں عابد ولد بشیر سکنہ پوردل آباد گلی نمبر09, منظرعلی، ناھید علی پسران میرداد ساکنان چمرنگ، اجمل ولد زیارت گل سکنہ حاجی کورونہ بغدادہ، فصیح اللّٰہ ولد محمدی شاہ اور عامر ولد زرداد شاہ ساکنان گوجر گڑھی شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان معصوم عوام کو موبائل فون کے ذریعے بوگس اندراج کا جھانسہ دیکر دھوکہ اور فریب سے 200 روپے فی کس وصول کر رہے تھے جن کے قبضہ سے موبائلز سمیت ھڑپ شدہ رقم 19 ہزار چھ سو روپے برآمد جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔
یاد رہے کہ آج ملتان میں احساس کفالت پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے خاتون جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
گزشتہ روز سے ملک بھر میں احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں 12 ہزار روپے نقد رقوم کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن رقوم کی تقسیم کے دوران بدنظمی دیکھنے میں آرہی ہے۔