خیبرپختونخوا میں کورونا سے مزید تین افراد جاں بحق، تعداد 23 ہو گئی
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 23 تک پہنچ گئی۔ کورونا سے تین ہلاکتیں دیرلوئر، ملاکنڈ اور مردان میں ہوئی ہے۔
ضلع دیر لوئر میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص انتقال کرگیا۔ ڈاکٹر ارشاد روغانی کے مطابق رباط سے تعلق رکھنے والا تصدیق شدہ مریض کو چند دن پہلے تیمرگرہ سے پشاور ریفر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مرحوم تبلیغ کے سلسلے میں گئے تھے اور کچھ دن قبل بلوچستان سے واپس ائے تھے۔ متاثرہ شخص پہلے سے پھیپھڑوں کی بیماری میں بھی مبتلا تھا اور اس کیلیے پہلے کئی دفعہ ہسپتال میں داخل رہا ہے۔ ڈاکٹر ارشاد روغانہ نے بتایا کہ مرنے والے شخص کی طے شدہ پروٹوکول کے مطابق تدفین کی جائے گی جبکہ ان کے تمام 05 قریبی رشتہ داروں کے رزلٹس کلیئر آئے ہیں۔
دوسری جانب ملاکنڈ میں بھی کورونا وائرس میں مبتلاء اسی سالہ احمد شاہ وفات پاگیا۔ گزشتہ روز ان کاٹیسٹ پازیٹیو آیاتھا۔ انتظامیہ کے مطابق احمد شاہ کی تدفین کیلئے انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور اس دوران علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
مردان میں بھی دو روز قبل مرنے والے شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ متوفی میں کورونا کی تصدیق سے تدفین میں حصہ لینے والے افراد میں کھلبلی مچ گئی۔ 8 اپریل کو مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں جاں بحق ہونے والے چالیس سالہ شخص کی ڈپٹی کمشنرمردان عابد وزیر نے ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی تصدیق کرلی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متوفی کا گھر سیل کردیا گیا ہے اور اہل خانہ کو گھر میں قرنطینہ کردیا گیا۔
بغدادہ کا رہائشی 40 سالہ شخص شوگر اور دمہ کا علاج کرنے میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں داخل تھا، علامات ظاہر ہونے پر سمپلز لیکر ٹیسٹ کے لئے ارسال کردئیے گئے تھے، جو 7 اپریل کو جاں بحق ہوا اور 8 اپریل کو جنازے کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔