خیبر پختونخوا

مردان: دو روز قبل مرنے والے شخص کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آگیا

 

مردان میں دو روز قبل مرنے والے شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ متوفی میں کورونا کی تصدیق سے تدفین میں حصہ لینے والے افراد میں کھلبلی مچ گئی۔ 8 اپریل کو مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں جاں بحق ہونے والے چالیس سالہ شخص کی ڈپٹی کمشنرمردان عابد وزیر نے ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی تصدیق کرلی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متوفی کا گھر سیل کردیا گیا ہے اور اہل خانہ کو گھر میں قرنطینہ کردیا گیا۔

بغدادہ کا رہائشی 40 سالہ شخص شوگر اور دمہ کا علاج کرنے میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں داخل تھا،  علامات ظاہر ہونے پر سمپلز لیکر ٹیسٹ کے لئے ارسال کردئیے گئے تھے، جو 7 اپریل کو جاں بحق ہوا اور 8 اپریل کو جنازے کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مردان میں کوروناوائرس پھیل چکا ہے عوام کو چاہیے کہ اس وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے گھروں میں رہے اور سماجی فاصلہ رکھے۔ اب تک مردان میں 95 افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اس کیس کے ساتھ مردان میں دوافراد کوروناوائرس سے جان بحق ہوگئے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال مردان کے ینگ ڈاکٹرایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر ضیاءالرحمان میں کروناوائرس کی تصدیق ہوگئی ہے اور انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان ہی میں آئسولیشن رومز میں رکھا گیا ہے جبکہ انکے ساتھ ڈیوٹی کرنے والے پانچ دیگر ڈاکٹرز بھی قرنطائن کئے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مردان شہر کے وسط میں موجودہے اور17مارچ کو مردان میں پہلا کورونا شخص سعادت خان کا چیک اپ بھی اسی ہسپتال میں ہواتھا اور شک ہونے پر ان سے ٹیسٹ سیمپل بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لئے گئے تھیں۔ کوروناوائرس کی تصدیق ہونے پر انہیں مردان میڈیکل کمپلکس ہسپتال منتقل کردیاگیا تھا جہاں وہ ملک کا پہلا شخص تھا جو کروناوائرس سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

سعادت خان کی فوت ہونے سے قبل وائرس علاقے میں پوری طرح پھیل چکا تھا کیونکہ سعادت خان نے9مارچ کوعمرے سے واپسی پر روایتی طورپر خیرات کااہتمام کیاتھا جس میں تقریباً 2000کے قریب لوگوں نے شرکت کی تھی تاہم اب منگاہ علاقے سے لاک ڈاؤن کو ختم کردیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button