خیبرپختونخوا میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیے ای ٹرانسفر ایپلیکیشن کا آغاز
محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے اساتذہ کے تبادلوں کا بذریعہ ای ٹرانسفر ایپلیکیشن آغاز کردیا۔ صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے ای ٹرانسفر ایپلیکیشن کے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع سے تبادلوں کے لئے دی جانے والی درخواستوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز بذریعہ ڈیش بورڈ آن لائن تھے اور ایک وقت میں درخواست دہندگان کی بذریعہ ایپلیکیشن ٹرانسفر آرڈر جاری کیے گئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایوب خان نے کہا کہ ای ٹرانسفر ایپلیکیشن متعارف کرانے کا مقصد اساتذہ کی پوسٹنگ ٹرانسفرز میں میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور طلباء کے قیمتی وقت کو بچا کر تعلیمی سرگرمیوں میں خرچ کرنا جب کہ محکمہ تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹرانسفر ایپ کو وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بھی بنایا جائے گا تاکہ اساتذہ کے تمام مسائل آن لائن حل ہوسکیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کی گیارہ ہزار خالی آسامیوں کے لئے آن لائن 15000 درخواستیں موصول ہوئی جس کے تحت میرٹ پر پورا اترنے والے اساتذہ کی ٹرانسفر کا عمل مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اس سال جون تک مزید بائیس ہزار اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے جبکہ امریکن ٹیچر ٹریننگ پروگرام میں 4 ہزاراساتذہ اب تک رجسٹر ہو چکے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ٹیچر ٹریننگ کورس بھی محکمہ تعلیم کے ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کی بدولت ان کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اکبر ایوب خان نے کہا کہ ملک میں وائرس کی وبا کی وجہ سے سکول بند کیے گئے ہیں اور یہ چھٹیاں گرمیوں کی چھٹیاں تصور کی جائے گی جبکہ گرمیوں کے موسم میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے بھی ابھی سے انتظامات کر رہے ہیں۔
امتحانات کے حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ یکم جون تک تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جس کے لیے لائحہ عامل بنایا جارہا ہے۔ پرائیویٹ سکولوں کے حوالے سے وزیر تعلیم نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے ساتھ 20 فیصد سکول فیس میں رعایت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اگر اس پر سکول مالکان آمادہ نہ ہوئے تو پھر سکول فیس اقساط میں ادا کی جائے گی۔ حکومت پرائیویٹ سکولوں کے بچوں کی فیس نہیں دے سکتی والدین کی آسانی کے لیے سکول مالکان کے ساتھ 20 فیصد کم یہ اقساط میں فیس کی ادائیگی پر بات ہوگی۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ مئی تک حالات کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور اس کے تناظر میں مزید فیصلے کیے جائیں گے تاہم بورڈ امتحانات ہوں گے جیسی ہی حالات میں بہتری آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایمرجنسی میں ڈاکٹرز، صحافیوں، پولیس اور دیگر اداروں کے ملازمین کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی فرنٹ لائن میں خدمات کی ادائیگی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔