پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 5 افراد جاں بحق
سوات کی تحصیل مٹہ میں کرونا وائرس کے 7 جبکہ ضلع نوشہرہ سے ایک اور کیس سامنے آ گیا۔
ڈپٹی کمشنر سوات کے مطابق شنگرتال بہا میں 19 مارچ کو نماز جنازہ میں متاثرہ شخص نے شرکت کی، گھر کی 4 خواتین سمیت 7 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل چپریال اور متاثرہ گاؤں کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا ہے جبکہ میڈیکل ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاھد خان کے مطابق بدرشی سے تعلق رکھنے والے 63 سالہ بالو لال کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ایک پولیس اور محکمہ صحت کے ملازم سمیت تین افراد کے خون کے نمونے کرونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز کرونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والی تاج بی بی کے ساتھ ہسپتال میں تیماداری کرنے والے نوجوان اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس نوشہرہ کے ایک کلاس فور کے نمونے کرونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق 63 سالہ بالو لال کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بدرشی گاوں میں کرونا وائرس کے چار مریض ہوگئے ہیں جن کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاھد خان
ان کا کہنا تھا کہ بالو لال اپنے ایک رشتہ دار سے ملنے گیا تھا جو عمرے سے آیا تھا، بدرشی اور کھنڈر ہارون آباد میں جن علاقوں اور گلیوں کو قرنطین کیا گیا ہے ضرورت ہوئی تو تمام لوگوں کے نمونے حاصل کئے جائیں گئے۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2360 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 10، خیبر پختونخوا 8، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
پاکستان میں آج جمعرات کورونا وائرس کے اب تک 138 کیسز رپورٹ ہوئے اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے خیبر پختونخوا میں 2، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
آج اب تک پنجاب میں 69 کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز 2 ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں آج اب تک کورونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے، صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔