‘وفاقی حکومت سے سفارش کروں گا’ ضم اضلاع میں تھری جی، فور جی بحالی کا ایک اور وعدہ
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بنوں یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا جہاں وزیرِ اعلیٰ کو قرنطینہ سنٹر اور بنوں ڈویژن میں مہیا کی جانی والی سہولیات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پورے ڈویژن میں انیس جبکہ ضلع بنوں میں سات کرونٹائن سنٹرز ہیں، ضلع بنوں میں سترہ سو سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا جاسکتا ہے، پورے ڈویژن میں تین آئسولیشن سنٹرز ہیں، باہر ممالک سے آئے ہوئے گیارہ سو افراد کو ٹریس کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کو آگاہ کی گیا کہ بنوں ڈویژن میں چونتیس کیس مشتبہ تھے جن کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جہاں جہاں کرونا مریض ہیں آس پاس کے علاقوں کو کورنٹائن کیا گیا ہے، ڈِس انفیکشن سپرے بھی باقاعدگی سے جاری ہے، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف اب تک چار سو انسپکشن کی جاچکی ہے تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں دشواری نہ ہو۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے وسائل کے بہتر استعمال اور لوگوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور ہم بحثیتِ قوم کسی بھی مشکل حالات سے نکلنے کے عادی ہیں اور کرونا وائرس کی وباء سے نکلنے کیلئے تمام لوگوں کا متحد ہونا ایک اچھا شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء سے نجات مربوط کوششوں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ممکن ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، کرونا وائرس کی وباء کے دوران لوگ اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور لوگوں سے میل جول ترک کر کے اس کے پھیلاؤ کو روکیں، اس دوران مشکلات کے ازالے کیلئے حکومت نے امدادی پیکج تیار کیا ہے اور شفافیت کے ساتھ لوگوں کو اس کی ترسیل ممکن بنائی جا رہی ہے۔
محمود خان نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کے بارے میں افواہوں پر دھیان نہ دیں یہ ہمارے وہ لوگ ہیں جو ملک کی بقاء اور استحکام کیلئے ہمہ وقت دعاگو رہتے ہیں تاہم تمام ضروری سکریننگ، ٹیسٹنگ اور ان کی صحت یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے صحافیوں کا کردار بہت اچھا ہے اور ہمارے صحافی بھائی اپنے لوگوں کو احتیاطی تدابیرسے متعلق آگاہ کر تے رہیں تاکہ اجتماعی کوششوں سے کورونا وائرس کو شکست دیا جا سکے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ ریاست کو اس مشکل صورتِ حال سے نکالنے کیلئے تمام ادارے اپنا اپنا کردار فعالیت سے ادا کر رہے ہیں اور انشاء اللہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم اس مشکل صورتِ حال سے جرات اور بہادری کے ساتھ نبردآزما ہوسکیں گے۔
پاراچنار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ضلع کرم میں کرونا سے عوام کو بچانے کیلئے کئے گئے انتظامات تسلی بخش ہیں اور اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاراچنار میں قرنطینہ سنٹر اور ایسولیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا حکومت نے اب تک کئی سٹیپس لیے ہیں اور مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غریبوں اور ضرورت مندوں کو خصوصی ریلیف پیکج دیا جارہا ہے اور اکیس لاکھ خاندانوں کیلئے گیارہ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور ہر ڈویژن کو کرونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار کو اپ گریڈ کرنے اور میڈیکل کالج کے قیام مے منصوبے پر عمل ہورہا ہے اور تھری جی فورجی کھولنے کیلئے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کروں گا۔