نوشہرہ میں کورونا سے جاںبحق خاتون نے پاک فضائیہ اکیڈمی میں وقت گزارا ہے
نوشہرہ میں کرونا وائرس سے پہلی ھلاکت سامنے آگئی۔ نوشہرہ کے علاقے ڈاگی خیل سے تعلق رکھنے والی 85 سالہ خاتون تاج بی بی قاضی میڈیکل کمپلکس میں دم توڑ گئی جن میں کورونا وائرس کی پہلے ہی تشخیص ہوگئی تھی اور پچھلے ایک ہفتے سے زیر علاج تھی۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاھد خان کے مطابق تاج بی بی کی کرونا سے ھلاکت کے بعد گاوں ہارون آباد کھنڈر کی تین گلیوں کو قرنطینہ کیا گیا ہے اور علاقے میں مشتبہ افراد کے ٹسٹ بھیجے جائیں گے۔
اس دوران قاضی میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عارف نے کہا کہ اس عورت کو پہلے سے ہی پھپھڑوں کا مسئلہ بھی تھا لیکن ان میں کورونا وائرس کا ٹسٹ بھی مثبت آیا ہے جبکہ ان کے قریبی رشتہ دار کو بھی علامات ظاہر ہونے پر آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والی خاتون تاج بی بی نے چند دن پہلے پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں عمرہ سے واپس آنے والے رشتہ دار سے ملاقات کی تھی اور ان کے ساتھ رہی تھی جس پر ڈاکٹرز کو شک ہے کہ خاتون کو وائرس وہی سے لاحق ہوگیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ شاھد خان کے مطابق اس حوالے سے پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران کو آگاہ کردیاگیاہے۔
نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق خاتون کی تدفین مکمل ایس او پیز کے مطابق ٹی ایم اے نوشہرہ اور ریسکیو 1122 نوشہرہ اور ریونیو کے عملے نے کی ہے۔
نوشہرہ میں خاتون کی ہلاکت کے ساتھ صوبے میں اس وائرس سے جاںبحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہیں جبکہ مجموعی متاثرین 250 سے تجاوز کر چکی ہیں۔