خیبر پختونخوا, مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے پر پابندی عائد
سندھ کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے بھی مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی۔
محکمہ ریلی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پش نظر صوبے میں پہلے سے ہی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور اس وائرس روک تھام کیلئے چونکہ سوشل ڈسنسنگ ہی بنیادی اقدام ہے اس لئے صوبے میں دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی ہے جس کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ علماء کرام اور ماہرین صحت کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت صوبہ بھر کی مساجد میں باجماعت جماز پر پابندی عائد کرتی ہے اور امام مسجد، موذن اور خادم کے علاوہ پانچ یا اس سے کم افراد کو مسجد میں نماز پرھنے کی اجازت ہو گی۔
اعلامیہ میں تمام شہریوں کو گھر پر ہی نماز پڑھنے کی تاکید کی گئی اور کہا گیا کہ ماہرین سے مشاورت کے ساتھ ان ہدایات میں تبدیلی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1914 ہو گئی ہے جبکہ 26 افراد اس موذی وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے خیبر پختونخوا کے مریضوں کی تعداد 221 جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 6 تک جا پہنچی ہے۔