خیبر پختونخوا

لاک ڈاؤن کے دوران حکومتی امداد کس کو ملے گی؟

خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران مستحق افراد کو مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے طریقہ کار بنا لیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کے مطابق مالی پیکج کا مقصد دیہاڑی دار اور دیگر مستحق افراد کی مدد کرنا ہے، مستحق افراد کی نشاندھی کے لیے میکنزم بھی طے کر لیا ہے۔

اس حوالے سے اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ بے روزگار ہونے والے افراد کی نشاندہی ویلج/نئبر ہوڈ کونسل کی سطح پر قائم کمیٹی کرے گی جو سیکرٹری عیلج کونسل، سکول ٹیچر اور مقامی افراد پر مشتمل ہو گی، ضم شدہ اضلاع میں ویلج سیکرٹری کی جگہ پولیس محرر کمیٹی کا ممبر ہوگا۔

مشیر اطلاعات کے مطابق مذکورہ کمیٹی چار دن کے اندر اندر اپنی رپورٹ جمع کرائے گی، شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ڈیٹا نادرا ریکارڈ سے چیک کرایا جائے گا، کاغذی کارروائی مکمل ہوتے ہی احساس پروگرام کی تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی کونسل کی آبادی کے ایک اعشاریہ پانچ فیصد سے زیادہ افراد کا انتخاب نہیں کرسکے گی، ایسے افراد کو بھی مالی معاونت نہیں دی جا سکے گی جو سرکاری ملازم ہوں، ماہانہ تنخوا لیتے ہوں یا کچھ مہنیوں تک اپنے اخراجات برداشت کرسکتے ہوں، پیکج میں دیہاڑی داروں کو ترجیح دی جائے گی جو گھر کے واحد کفیل ہوں اور غیر مستحق افراد کو مالی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

اجمل وزیر کے مطابق ریلیف پیکج دیتے وقت کورونا سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر مد نظر رکھی جائیں گی، رقم کی تقسیم برانچ لیس بینکنگ سسٹم سے کی جائیگی، مالی پیکج عمل کے لئے محکمہ منصوبہ سازی و ترقی کے دو حکام کوآرڈینیٹر ہوں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button