وزیراعلیٰ کا 19 لاکھ افراد کو 5000 روپے ماہانہ دینے کا اعلان
ملک بھر خصوصاً خیبر پختونخوا میں جاری کورونا صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے کمزور طبقے کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق صوبے کی 43 فیصد آبادی اس پیکج سے مستفید ہو گی، 19 لاکھ آبادی کو احساس پروگرام کے تحت 5000 روپے ماہانہ ملیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پیکج ابتدائی طور پر تین مہینوں کے لئے ہے، جس میں حالات کو دیکھتے ہوئے توسیع بھی کی جا سکتی ہے، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے گیارہ ارب 60 کروڑ روپے مہیا کرے گی۔
محمود خان کے مطابق صوبائی حکومت نے کاروباری طبقے کےلئے ٹیکسوں میں پانچ ارب روپے کی چھوٹ دی ہے، محکمہ صحت کے لئے 8 ارب روپے کی امداد پیکج کی منظوری دی گئی ہے، محکمہ ریلیف کے لئے 6 ارب روپے جبکہ مجموعی طور پر صوبائی حکومت نے 32ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ہم سالانہ ترقیاتی پروگرام سے بھی کٹوتی کرکے لوگوں کی مدد کریں گے، منگا مردان کے عوام کے لئے فوڈ پیکج کی منظوری دی ہے، ضرورت پڑنے پر مزید بھی دیں گے، میں اور میری حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہم عوام کی ہر ضرورت کا خیال رکھیں گے۔