خیبر پختونخوا

جامعہ عبدالولی خان مردان کا آن لائن کلاسز کا فیصلہ کتنا موثر رہے گا؟

ملک خصوصاً خیبر پختوخوا میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران طلباء کے تعلیمی سلسلے کو جاری و ساری رکھنے کیلئے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس حوالے سے ایک نجی ٹیلی وژن کے ساتھ گفتگو میں جامعہ کے ڈائریکٹر ایڈمشن داکٹر عتیق الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کل سے ٹائم ٹیبل کے مطابق باقاعدگی سے کلاسز لگیں گی اور طلباء کی حاضری لگائی جائے گی اور ہماری طلباء سے گزارش ہے کہ سمسٹر سسٹم میں چونکہ ٹائم بہت بڑا فیکٹر ہوتا ہے اس لئے وہ آن لائن کلاسز لیں اور اپنی حاضری لگوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طلباء کو اگر کوئی میٹیریل چاہئے تو وہ بھی ہم اپنی ویب سائٹ پر فراہم کریں گے جبکہ ورچوول یونیورسٹی کے ساتھ ہم ایم او یو سائن کر رہے ہیں جس کے تحت ہم آن لائن امتحانات لیں گے اور اس کے علاوہ تمام تر مواد ہم ویب سائٹ پر ڈال دیں گے جن تک وہ رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اس اقدام کو اگرچہ بہت سراہا جا رہا ہے تاہم جامعہ کے ذرائع کے مطابق متعدد طلباء اس حوالے سے تشویش کا شکار ہیں جو مختلف قسم کے مسائل کی وجہ سے اس اقدام سے استفادہ نہیں کر سکیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے طلباء کی اکثریت گاؤں دیہات سے تعلق رکھتی ہے جہاں انٹرنیٹ ایک سیریس مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ نہ بھی ہو تو بیشتر علاقوں میں بجلی نہیں ہوتی، کیونکہ اس مقصد کیلئے تیار ایپ اینڈرائڈ فون یا لیپ ٹاپ پر ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر بعض طلباء کے ساتھ محولہ بالا دونوں مسائل نہ بھی ہوں تو ان کا انٹرنیٹ پیکجز پپر کافی خرچہ آئے گا تو کیا جامعہ اس سلسلے میں رعایت یا کسی قسم کا ریلیف دے گی یا نہیں کیونکہ ان طلباء سے پوری فیس وصول کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اگر 50 میں سے 20 طلباء یہ کلاسز لیتے بھی ہیں تو باقی 30 طلباء کا کیا بنے گا جو ٹھوس وجوہات کی بناء پر یہ کلاسز لینے سے قاصر رہے ہوں گے کیونکہ غیرحاضری کے حوالے سے تو ان کے ساتھ رعایت برتی جائے گی لیکن بالآخر (حتمی ایوالویشن میں) بڑی تفریق پیدا ہو گی۔

ذرائع کے مطابق اکثر اساتذہ بھی ایسے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں انٹرنیٹ کنکشن اور سپیڈ کے مسائل ہوتے ہیں دوسرے لاک ڈاؤن کے باعث طلباء اور اساتذہ کیلئے پیکج بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہو گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اس کے نتیجے میں ملک بھر میں کہیں جزوی تو کہیں مکمل لاک ڈاؤن کے باعث جہاں معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں وہاں طلباء کا سلسلہ تعلیم بھی منقطع ہوا ہے۔

یہ بھی خیال رہے کہ آن لائن کلاسز کیلئے ایچ ای سی کی جانب سے جامعات کیلئے ‘زوم’ نامی ایپ کی منظوری دی ہے جس میں سائن اَپ ہونے کے بعد آن لائن کلاس کے کوڈ پر کلک کریں گے اور کلاس تک رسائی حاصل کر سکیں جس کے بعد وہ حاضری بھی دے سکتے ہیں، بحث مباحثہ میں حصہ بھی لے سکتے ہیں اور سوال بھی پوچھ سکتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button