کورونا وائرس، اٹلی اور چائنہ کی مثال سے سبق حاصل کرنا ہے۔ اجمل وزیر
وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ساتھ چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان، آزاد کشمیر آج چار بجے ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے خیبرپختونخوا کی نمائندگی کی۔
ویڈیوز کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ وباء کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، سیاست چلتی رہی گی ہم نے بحیثیت قوم متحد ہو کر لڑنا ہے، عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی اور چائنہ کی مثال ہمارے سامنے ہے، چائنہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور سرخرو ہوئی جبکہ اٹلی نے بروقت اقدامات نہیں کیے تو اب وہاں کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، ہم نے اس سے سبق حاصل کرنا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہمارا فوکس ہے، سوشل میڈیا پر معلومات ویڈیوز اور انفوگرافکس شیئر کر رہے ہیں، براڈکاسٹ اور پرنٹ میڈیا کے لیے الگ سٹریٹیجی بنائی ہے، صوبے بشمول ضم شدہ اضلاع میں سرکاری ریڈیو قائم کیے ہیں۔ مزید بھی قائم کیے جا رہے ہیں، ان ریڈیوز کو ان حالات میں بھرپور انداز میں استعمال میں لا رہے ہیں۔
اجمل وزیر کے مطابق وزیر اعلیٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام خبریں محکمہ اطلاعات کے ذریعے چلائی جائے گی تاکہ صحیح اور بروقت معلومات میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچیں، خیبر پختونخوا نے اطلاع سیل میں 24/7 کوریج یقینی بنانے کے لیے 20 افسران پر مشتمل تین کلسٹرز بنائے ہیں، باقی صوبے ایسا کرے تو بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے علماء کے ساتھ میٹنگ کی عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کے لیے علماء کا کردار انتہائی اہم ہے، علماء نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، وزیراعلی نے ٹاسک فورس قائم کی جس کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات سندھ کر مثبت رویے کو سراہا جبکہ فردوس عاشق اعوان نے خیبرپختونخوا کی تجاویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ محکمہ اطلاعات مرکز اور صوبے ہم آہنگی کے ذریعے اس صورتحال سے بحسن و خوبی نبرد آزما ہونے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔