خیبر پختونخوا، مختلف حادثات میں 10 سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق
قبائلی ضلع باجوڑ اور لکی مروت سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں چھت گرنے کے واقعات اور ٹریفک حادثات میں ایک دس سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق لکی مروت کے علاقے لنگر خیل ہاتھی خان میں شدید بارش کی وجہ سے بوسیدہ کمرے کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر دس سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کا گیارہ سالہ کزن زخمی ہو گیا۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔
اسی طرح ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ زاگئ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو بچے زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں 18 سالہ حافظ ولد سخی جان اور 10 سالہ حناء دختر عمران شامل ہیں۔
اسی طرح کرک میں انڈس ہائی وے پر حامدان چوک کے قریب ٹرک کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، موٹر سائیکل سوار اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ٹرک سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر جاں بحق ہوئے۔
کرک انڈس ہائی وے پر ہی امبیری کلہ چوک کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب مردان کے علاقے شیرگڑھ میں النور ہوٹل کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں 1 طالب علم جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوئے
ریسکیو 1122ں کی میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے زخمی یارداد اور جانبحق سبحان الدین کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا.
زخمی نوجوان نے بتایا کہ وہ اور اس کا چچا زاد بھائی یونیورسٹی کے طالب ہیں اور اپنے آبائی گاؤں کوہستان جارہے تھے۔