خون سفید ہو گیا، نوشہرہ میں مکان کے تنازعے پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل
نوشہرہ میں مکان کے تنازعہ پر بھائی نے فائرنگ کرکے سگے بھائی کو موت کے گھات اتار دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوشہرہ اضاخیل پایان میں وراثتی مکان کی حصہ داری پر چھوٹے بھائی اور بڑے بھائی کے درمیان شدید تکرار ہوئی جس پر چھوٹے بھائی نے مشتعل ہو ک
ر پستول نکال لی اور گھر والوں کے سامنے اپنے بڑے بھائی بشیراللہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پچاس سالہ بشیر اللہ موقعہ پر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کفایت اللہ فرار کی کوشش کے دوران اپنی ہی پستول کی فائر سے زخمی ہوگیا، مقتول بشیراللہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔
تھانہ اضاخیل میں مقتول کی زوجہ حامدہ ناز کی مدعیت میں دیور کفایت اللہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزم کفایت اللہ کو سی ایم ایچ نوشہرہ کینٹ میں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع لوئیر دیر یونین کونسل رباط کوٹکے کے رہائشی اعتبار غنی ولد فضل غنی کے گھر کی دیوار گر گئی جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا مگر غریب شخص کے گھر میں سازوسامان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
متاثرہ شخص اعتبار غنی کے مطابق ان کا تین لاکھ روپے کا مالی نقصان ہوا ہے، انہوں نے لوئردیر کی ضلعی انتظامیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی سے اپیل کی ہے کہ ان کے ساتھ مالی تعاون کیا جائے۔
ادھر پاراچنار میں شراب سمگلنگ کی کوشش ناکام جبکہ ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے موٹر کار کی تلاشی کے دوران 22 بوتل شراب برآمد کر لی۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران شراب سپلائی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔