لوئر دیر میں دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق
لوئر دیر خال کوکرا میں گھر کا دیوار گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ بارشوں کے بعد بوسیدہ دیوار گرنے کے باعث پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ پیرکی صبح چھ بجے پیش آیا، بعد ازاں مقامی لوگوں نے ریسکیو کاروائیوں میں حصہ لیکر ملبے میں دبے بچوں کو نکال دیا۔
واضح رہے کہ قبائلی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں حالیہ بارشوں کے دوران زیادہ تر مکانات کی چھت گرنے کے واقعات میں اب تک 24 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے دس مارچ سے بارش کا ایک اور طاقتور سسٹم ملک میں داخل ہونے اور ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونے والا بارش کا نیا سپیل 13 مارچ تک موجود رہے گا جس سے خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، شمالی پنجاب، وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب، شمالی بلوچستان اور شمالی سندھ میں تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیا اسپیل شدید ترین بارش ‘ گرج چمک ‘ شدید ترین ژالہ باری ‘ طوفانی ہواؤں کا بھی خطرہ ہے جبکہ بڑے پیمانے پر موسلادھار بارش کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ اور بجلی گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں اور مختلف علاقوں میں اربن فلڈ کا بھی امکان ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے 18 مارچ سے بارش کے ایک اور سپیل کی پاکستان آنے کی بھی پیشینگوئی کی ہے۔