خودکشی اور چھت گرنے کے واقعات میں خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق
مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے نانی نواسی جاں بحق جبکہ بہن بھائی شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمی ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیئے گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق مالاکنڈ کے مرکزی شہر بٹ خیلہ میں علی الصبح مکان کی چھت گر پڑی جس کے نتیجے میں گھرمیں سوئے ہوئے افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیاں شروع کر دیں، کافی کوشش کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کر دیا گیا جہاں پر نانی نواسی جاں بحق ہو گئیں جبکہ بہن بھائی کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ کمزور آبادی کے باعث پیش آیا۔
دوسری جانب سوات کی تحصیل بریکوٹ کے نواحی علاقے نجی گرام ناٹ میرہ میں پرائمری سکول کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ دو طلباء شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والی طالبہ کی عمر دس سال بتائی جاتی ہے جس کی شناخت سدرہ ولد آزاد خان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ شدید زخمی ہونے والے طلباء میں بارہ سالہ شبیر احمد اور سمیرا ولد عظیم خان شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاوہ ازیں نوشہرہ کے علاقے شیرین کوٹھے میں مکان کی چھت بارش کی وجہ سے منہدم ہو گئی تاہم بچوں سمیت ان کے والدین معجزانہ طور پر بچ گئے، اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تین افراد کو ملبے تلے نکالا۔
ایک اور واقعہ تخت بھائی کے علاقہ قدرت آباد میں بھی پیش آیا جہاں رات بھر شدید بارش سے متاثر کچے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 8 سالہ مظہر ولد طاہر موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی چچی نسیم اور چچا زاد بھائی معیز اور معاذ ولد گل نبی شدید زخمی ہوگئے۔
اسی طرح تخت بھائی میں ایک خاتون نے جلالہ پل سے پانی میں کود کر اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کردیا، 70 سالہ مسماۃ(ش) زوجہ جہانزیب کا تعلق جلالہ سے ہے۔
دوسری جانب پشاور میں تھانہ متھرا گجرڈنڈ کے رہنے والے بیس سالہ نوید ولد حضرت خان عمر نے نامعلوم وجوہات کے بنا پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
اسی طرح نوشہرہ کے علاقہ امان گڑھ میں رحمان بابا ایکسپریس کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت شہزاد ولد شاہ ایران سکنہ امان گڑھ کے نام سے ہوئی جو موبائل پر باتیں کر رہا تھا کہ اس دوران ٹرین کی زد میں آگیا۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے جاں بحق شخص کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ تھانہ اضاخیل پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں۔
دوسری جانب قباٸلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر سامان کو آگ لگا دی۔
ذراٸع کے مطابق اکاخیل سلطان خیل کے علاقے میں نامعلوم افراد چوری کرنے رامبیل نامی شخص کے گھر میں گھس گٸے اور ان کو یرغمال بنا کر تلاشی لینے لگے تاہم قیمتی سامان نہ ملنے کے بعد گھر میں ضرورت کا سامان اکٹھا کرکے آگ لگا دی۔
پولیس نے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی جس کے مطابق ملوث افراد تک پہنچنے کیلٸے کارواٸی جاری ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ شخص ایک غریب بندہ ہے جو کہ وادی تیراہ میں محنت مزدوری کرتا ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ آج مردان میں مکان کی چھت گرنے سے تین بہن بھائی جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو ون ون ٹوٹو کے مطابق تخت بھائی کے علاقہ سرور آباد جلالہ میں ڈرائیور دوست محمد کے مکان کی چھت گرگئی ہے۔