خیبر پختوخوا کے مختلف علاقوں میں پیش اآنے والے حادثات و واقعات میں دو لڑکیاں جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
شانگلہ کے علاقے گمبٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو چچا زاد بہنیں جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگئے۔
ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گمبٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تواب خان نامی شخص کے مکان کی چھت منہدم ہو گئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا اور دو لڑکیوں کو مردہ جبکہ ایک کو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 16 سالہ لائبہ بی بی دختر تواب خان اور 9 سالہ اقراء بی بی دختر امیر نواب شامل ہیں جبکہ زخمی لڑکی کی شناخت ثناء بی بی دختر عامر نواب کے نام سے ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جس کے بعد انہوں نے متاثرہ خاندان کو رہائش اور خوراک کیلئے خیمے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کردی ہیں۔
دوسری جانب حالیہ تیز بارشوں کے باعث مردانکی تحصیل تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اپنے چار بچوں سمیت ملبے تلے دب گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق گزشتہ شب تخت بھائی نرئی ولہ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اپنے 4 بچوں سمیت ملبے تلے دب گئے جنہیں ریسکیو 1122 ٹیم اور مقامی افراد نے کافی جدوجہد کے بعد زندہ سے نکال لیا۔
تمام افراد کو فوراً ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد انہیں مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔
مردان ہی کے علاقے جلالہ مہاجر کیمپ میں پکوڑے فروش کی دوکان میں سلنڈر پھٹنے سے 3 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ایم ایم سی منتقل کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مردان کے علاقے جندرپار گوجر گڑھی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک جوان خاتون جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئی تھیں۔
ادھر کرک شہر کے نواحی گاؤں دبلی لواغر میں گیس لیکج دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی جبکہ دھماکے سے گھر کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
زخمیوں کو پشاور ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں تین کی حال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کرک ہی میں انڈس ہائی وے سپینہ موڑ کے قریب آئیل ٹینکر الٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ آخری اطلاعات تک مقامی لوگوں کے ہمراہ ریسکیو ٹیم آگ پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف تھی۔