پشاور، بلیک میں ماسک فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن
ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے پشاور کی مختلف ہول سیل مارکیٹوں میں بلیک میں ماسک فروخت کرنے پر تین دکانوں کو سیل کرتے ہوئے تین مالکان کو گرفتار کر لیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان نے اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین کے ہمراہ نمک منڈی، کراچی مارکیٹ اور پیپل منڈی میں مختلف میڈیسن و سرجیکل دکانوں کا معائنہ کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر منیٰ ظاہر نے ورسک روڈ اور حیات آباد میں مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ کاروائیوں کے دوران نمک منڈی میں دو دکانوں جبکہ پیپل منڈی میں ایک دکان کے مالک کو بلیک میں ماسک فروخت کرنے پر گرفتار کر کے دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان کے مطابق کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر مارکیٹ میں ماسک کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور بلیک میں ماسک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
اس ضمن میں انتظامی افسران سمیت دیگر محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور افسران اس دوران روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کر کے بلیک میں ماسک فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں کریں گے اور کوئی بھی دکاندار یا ہول سیلر بلیک میں ماسک فروخت کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔