معلومات تک رسائی کا قانون بہتر طرز حکمرانی کیلئے ناگزیر ہے۔ ریاض داؤد زئی
آر ٹی اے کمشنر ریاض داؤدزئی نے کہا ہے کہ بہتر طرز حکمرانی کیلئے معلومات تک رسائی کا قانون ناگزیر ہے کیونکہ بدعنوانی، عدم مسابقت اور اقرباء پروری کے خاتمے کیلئے عام افراد اور خصوصی طور پر صحافی طبقہ قانون کو موثر طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔
جامعہ پشاور کے شعبہ صحافت و ابلاغ عامہ میں طلبہ و طالبات سے اپنے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ دنیا بھر میں پبلک سروس انفارمیشن انڈکس کے دس اعشاریہ کی بدولت بہت سے ممالک بیرونی امداد، سرمایہ کاری اور عالمگیریت کے رجحان میں ترقی کر رہے ہیں۔
ریاض داؤد زئی نے بتایا کہ حال ہی میں پیرس پیس فورم کے دوران ملک کیلئے آر ٹی کمیشن ادارے کو بطور پراجیکٹ نہ صرف سراہا گیا بلکہ دنیا بھر کے ٹاپ ٹین پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے جو ان کیلئے اور ادارے کےلئے باعث افتخار ہے۔
انھوں نے طلبہ و طالبات کو جذباتی نعروں اور سٹوری کی بجائے اعداد و شمار اور ڈیٹا جرنلزم پریکٹس کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر چیرمئن شعبہ صحافت و ابلاغیات پروفیسر فیض اللہ جان اور جملہ فیکلٹی نے آر ٹی آئی کمشنر ریاض داؤدزئی کے ساتھ مل کر شعبہ کے بیرونی حصے میں درخت لگائے۔
اس کے بعد انھوں نے کیمپس ریڈیو پر براہ راست ریڈیو سامعین کے ساتھ آر ٹی آئی قانون پر سوالات و جوابات کا ایک سیشن بھی کیا۔