خیبر پختونخوا

باڑہ، کرم اور لکی مروت میں گرین اینڈ کلین پاکستان کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز

باڑہ، کرم اور لکی مروت میں گرین اینڈ کلین پاکستان کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور لوگوں میں مفت پودے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے باڑہ میونسپل بلڈنگ میں منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی کا کہنا تھا کہ پودے ہمارے ماحول کو صاف بناتے ہیں اور زہریلی گیسوں کا خاتمہ میں اہم کردار ادا کرکے ہمارے جینے میں آسانی پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات خیبر میں 4 لاکھ پودے لگائیں گے تاہم صوبائی حکومت نے پودے لگانے کےلئے کافی فنڈ مختص کیا ہے عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کو کلین اینڈ گرین بنانے میں عوام حکومت اور محکمہ جنگلات کا ساتھ دیں اور اسے صدقہ جاریہ سمجھ کر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی میں پودے اہم مثبت کردار ادا کرتے ہیں اور ملک میں سیلاب کے خطرات کم کرنے کیلئے اس کی بہت ضرورت ہے۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شفیق افریدی اور اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد نے پودا لگا کر شجرکاری میں کا افتتاح کیا گیا اور باڑہ کے عوام میں ہزاروں پودے تقسیم کٸے۔

دوسری جانب پاراچنار میں گرین پاکستان ڈے کے موقع پرقبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے کہا کہ حکومت نے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی پالیسی اپنائی ہے اور لوگ اپنے ملک کو سر سبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں قبائل کو درخت فراہم کئے جارہے ہیں، آگرہ میں بھی ممبر صوبائی اسمبلی اقبال سید میاں نے پودے لگاکر شجر کاری میں حصہ لیا اور قبائل سے ذیادہ سے ذیادہ پودے لگانے پر زور دیا

اس کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات لکی مروت نے بھی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت موسم بہار کی شجرکاری کا افتتاح کردیا، ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب نے اپنے دفتر کے احاطے میں ایروکیریا کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر نقیب اللہ خان نے بتایا کہ رواں سیزن کے دوران مختلف علاقوں میں کوئی ڈیڑھ لاکھ پوداے لگائے جائیں گے، شجرکاری مہم کو کامیاب کرنے کے لئے دیہی ترقیاتی کمیٹیاں، سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے طلبہ کو متحرک کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب نے محکمہ جنگلات کے حکام پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم کامیاب بنانے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں ،ضلعی انتظامیہ انہیں ہر ممکن مدد اور معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ درختوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی محنت رائیگاں نہ جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو درختوں اور جنگلات کی اہمیت کا شعور دیا جائے اور ان پر واضح کیا جائے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر جنگلات کے رقبے میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button