"تعلیمی بجٹ کا 70 فیصد خواتین کی تعلیم پر خرچ کرنے کا فیصلہ”
صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تعلیم کے بجٹ کا ستر فیصد حصہ خواتین کی تعلیم پر خرچ کیا جائے گا، گرلز کیڈٹ کالج مردان کی نئی عمارت دو سال میں مکمل کی جائے گی۔
گرلز کیڈٹ کالج مردان میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات اور یوم والدین سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایوب خان نے کہ معیاری تعلیم کے فروع پر ہمارا فوکس ہے (اسی لئے) بچیوں کی تعلیم پر تعلیمی بجٹ کا ستر فیصد خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج نے انہتائی کم عرصے ایک نام اور مقام پایا ہے، اس کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہوگی، یہاں سے فارغ التحصیل طالبات ملک و قوم کی خدمت کریں گی، معاشی مشکلات کے باوجود کالج کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور نئی عمارت کو دوسال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پرائمری لیول پر صرف خواتین اساتذہ کو تعینات کیا جائے جس سے خواتین کو روزگار بھی ملے گا اور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
قبل ازیں کالج کے پرنسپل برگیڈئیر (ر) جاوید سرور نے کالج کی سالانہ کارکردگی پیش کی اور کہا کہ اس وقت کالج ایک عارضی بلڈنگ میں قائم ہے جس میں 138 طالبات زیر تعلیم ہیں، تمام داخلے میرٹ پر دیئے جاتے ہیں، کالج کے لئے 240کنال اراضی خریدی گئی ہے۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو، تعلیمی بورڈ مردان کے چیئرمین امتیاز ایوب اور کوہاٹ بورڈ کے چیئرمین شوکت حیات کے علاوہ بچیوں کے والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، کالج کی بچیوں نے مارچ پاسٹ، ملی نعمے اور ٹیبلو پیش کئے۔