تھانہ بکاخیل میں ہماری ایف آئی آر درج نہیں کرائی جا رہی۔ عمائدین ملک شاہی قبیلہ
بنوں جانی خیل وزیر کے ملک شاہی قبیلے کے عمائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ اراضی تنازعہ پر وڑیکی قبیلہ کے 300 مسلح افراد نے ملک شاہی قبیلے کے تین گھر جلا دیئے ہیں تاہم دو دن سے پولیس ایف آئی آر درج نہیں کر رہی ہے۔
نیشنل پریس کلب بنوں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک شاہی قبیلے کے مشران نے دعویٰ کیا کہ نذر آتش کئے گئے مکانات میں لاکھوں کا سامان اور مویشی جل کر خاکستر ہو گئے، واقعہ کے خلاف تھانہ بکاخیل میں روزنامچہ درج کرنے کے لئے درخواست دی تاہم پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس موقع پر ملک تیمور خان کا کہنا تھا کہ سابقہ ایف آر بنوں اور موجودہ وزیر سب ڈویژن میں لشکر کشی کی روایت ابھی بھی برقرار ہے، اراضی تنازعہ پر،وڑیکی قبیلہ نے ہمارے تین گھر نزر آتش کردیئے، ملک شاہی قبیلے کے مشران نے علاقے میں پولیو مہم سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور علاقہ جانی خیل میں پولیو ٹیموں کے داحلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انصاف ملنے تک پولیو مہم سے ان کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں سے تعلق رکھنے والے ملک شاہی جانی خیل قبیلے نے مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔