شبقدر، مدرسے کی چھت گرنے سے 3 طلباء جاں بحق 2 استانیوں سمیت 11 زخمی
شبقدر کے علاقہ کانگڑہ میں خستہ حال مکان میں قائم مدرسے کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ دو استانیوں سمیت 11 زخمی ہوگئے جن میں 4کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
منگل کے روز تقریباً 2 بجے کے قریب کانگڑہ میاں گان محلہ آمین کورونہ میں گل شاد نامی شخص کے مکان میں قائم مدرسے جس میں قریبی محلے کے بچے (طلباء وطالبات) دینی تعلیم حاصل کررہے تھے کہ اسی دوران اچانک برآمدے کی چھت منہدم ہوگئی اور وہاں موجود تمام بچے ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کی خبر علاقے میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا، اس دوران ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو آپریشن کے دورا ن3 بچوں عائشہ دختر مراد، بسمیہ دختر شکیل اور عصمت اللہ ولد سمیع الحق کو مردہ حالت جبکہ دو استانیوں سمیت 11 بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔
زخمیوں میں آمنہ، لائبہ، صومیہ، صفانہ، منصور، ولیجہ، سہانہ، رفعت ، نبیلہ، راحیلہ(استانی) اورحسینہ(استانی) شامل ہیں جن میں حسینہ، منصور، ولیجہ اور سہانہ کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے پشاور ریفرڈ کردیا گیا ہے۔
حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 6 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ دوسری جانب ایم این اے ملک انورتاج ایڈووکیٹ نے واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی ہدایت کی۔