ڈی آئی خان: پولیس موبائل پربم حملہ، ایک اہلکار جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پولیس موبائل پر بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ مڈی یوسی کےقریب ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لئے جوانوں کو پہنچایا جارہا تھا کہ اس دوران پولیس موبائل پردھماکہ ہوگیا۔
دھماکہ میں ایک ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والے اہلکار کا نام ریاض جبکہ زخمی ہونے والوں میں شکیل اور عطاء اللہ شامل ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق اہلکار کی لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
خیال رہے کہ 29 جنوری کو صوابی میں بھی پولیو ٹیم پرحملے کے نتیجے میں دو خواتین پولیو ورکر جاں بحق ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق پولیو ورکر مسماۃ شکیلہ اور مسماۃ غنچہ گل بدھ کے روز پولیو مہم کے دوران خدمات انجام دے رہی تھیں کہ اس دوران میر علی لارہ کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے ایک پولیو ورکر مسماۃ شکیلہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسری ورکر غنچہ گل شدید زخمی ہو گئیں جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔