عوام کے محافظ لٹیرے نکلے، پشاور کا تاجر لاہور پولیس کے ہاتھوں لٹ گیا
پشاور کے رہائشی تاجر کو لاہور پولیس نے ڈیڑھ لاکھ کی نقدی سے محروم کردیا، تھانہ مزنگ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
وقار الرحمن ولد حبیب الرحمن (مرحوم) سکنہ پشاور کے مطابق اس کی پشاور صدر میں موبائل فونز کی دکان ہے، گزشتہ شب وہ اپنی دکان کیلئے موبائل فونز خریدنے کی غرض سے لاہور گیا تھا جہاں وہ رکشے میں بیٹھ کر ہوٹل جارہا تھا کہ راستہ میں 10 ایڈورڈ روڈ پر موٹر سائیکل سوار دو پولیس اہلکاروں نے رکشے کو روکا۔
متاثرہ تاجر کے مطابق پولیس والوں نے اسے تلاشی کیلئے نیچے اتارا، تلاشی لینے کے بعد اہلکار اُس سے سوالات کرنے کے دوران موٹرسائیکل پر بیٹھ گئے اور تیزی سے وہاں سے روانہ ہوئے، اس دوران جب اُس نے اپنی جیب پر ہاتھ پھیرا تو اس میں موجود 1 لاکھ 50 ہزار کی نقدی موجود نہیں تھی جنہیں پولیس اہلکار تلاشی کے دوران نکال چکے تھے۔
وقار کے مطابق اس ضمن میں انہوں نے تھانہ مزنگ پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے پہلے تو ایف آئی آر کے اندراج میں ٹال مٹول سے کام لیا تاہم جب وہاں ایک آفیسر آیا تو اس کے کہنے پر تھانے کے متعلقہ اہلکار نے مقدمہ درج کرکے اسے ٹوکن دے دیا۔