خیبر پختونخوا

عبدالولی خان یونیورسٹی کے تین ملازم منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار

 

مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی کے طلبہ کو آئس سمیت دیگر منشیات فراہم کرنے والے گروہ کا سرغنہ چارساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

مردان کے ضلعی پولیس افسرسجاد خان کے مطابق سٹی سرکل پولیس نے منشیات اور آئس سمگلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹیوں کو منشیات فراہم کرنے والے بین الاضلاعی گروہ کے سرغنہ سرفراز ولد سرور خان کو چار ساتھیوں سمیت گرفتار کیا، جو یونیورسٹی کے ہی ملازم ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو یونیورسٹی کے مین کیمپس گیٹ سے گرفتار کیا گیا جن میں یونیورسٹی کا مالی، سیکیورٹی گارڈ اورڈرائیور بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد مبینہ طور پر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو منشیات سمگل کرنے میں ملوث تھے۔

ڈی پی او سجاد خان نے پریس کانفرس کے دوران بتایا کہ گرفتار گروہ کے حوالے سے خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کی نگرانی جاری رکھتے ہوئے مذکورہ گروہ کو عبدالولی خان یونیورسٹی (مین کمپس) کے پارکنگ گیٹ کے سامنے آئس سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے 695 گرام آئس، تین کلو گرام سے زائد چرس اور ایک کلاشنکوف برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button