خیبر پختونخوا کے علماء کا پولیو مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان
خیبر پختونخوا کے علماء کرام نے 17 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے، علماء تنظیموں کے نمائندوں نے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈنیٹر عبدالباسط سے ملاقات میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی کرائی ۔
اجلاس میں مذہبی تنظیم کے فوکل پرسن مفتی ظفر اور کور کمیٹی کے ممبرز نے شرکت کی، اس موقع پر ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈنیٹر نے بہتر کارکردگی پر تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
تنظیم کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ہم انسداد پولیو مہم کو بھرپور سپورٹ کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر تمام تنظیموں سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہمارے بچے اس موذی مرض سے بچ سکیں اور ہمارا آنے والا مستقبل روشن ہو۔
یہ بھی پڑھیں:
بلوچستان میں سال کا پہلا، خیبر پختونخوا سے تیسرا پولیو کیس رپورٹ
اس موقع پر کو آرڈنیٹر ایمر جنسی آپریشن سنٹر عبدالباسط نے اس اقدام کو سراہا اور علماء کرام کے اس قدم کو دیگر باقی تنظیموں کے لئے مثالی قرار دیا اور کہا کہ یقیناً صحت مند زندگی ہر بچے کا حق ہے اور ہمیں اس کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ہر بچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانا ممکن ہو سکے۔
یادرہے کہ ملک میں سال 2019 سے اب تک 140 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر کیسز خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں امسال بھی پولیو کے وار جاری ہیں اور 9 فروری کو بھی پاکستان میں موذی مرض پولیو کے مزید چار کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔