خیبر پختونخوا

پشاور میں کورونا وائرس کا ایک اور مشتبہ کیس سامنے آگیا

مردان کے بعد پشاور سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کا ایک اور مشتبہ کیس داخل ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کا ایک اور مشتبہ کیس سامنے آیا، 23 سالہ ضیاالرحمان کا تعلق ارمڑ سے ہے اور وہ چین سے آیا ہے، ضیاء الرحمان کو ایل آر ایچ میں قائم کرونا آئسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق مشتبہ مریض کے خون کے نمونے فوری طور پر این آئی ایچ بھجوا دئیے گئے ہیں۔

اس بارے میں مزید پڑھیں:

کورونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لیے ایک دوا کی آزمائش شروع

کورونا وائرس سے خبردار کرنے والا ڈاکٹر کورونا کے ہاتھوں ہلاک

چائنہ میں زیر تعلیم خیبر پختونخوا کے 60 طلبہ سکالرشپ سے محروم 

کورونا وائرس، چین میں پھنسے پاکستانی اور ہماری تیاریاں

واضح رہے اس سے قبل بھی پشاور میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیس سامنے آتے رہے ہیں تاہم اب تک کسی مریض میں اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سوات اور باجوڑ کے بعد مردان میں بھی کورونا وائرس کا مشتبہ مریض سامنے آیا تھا جس کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ سندھ میں بھی چین سے واپس آنے والے پاکستانی طالب علم میں کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے مزید 93 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد کورونا سے اموات کی تعداد 813 سے بڑھ کر 906 ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بیماروں کی تعداد میں بھی 3 ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 37 ہزار سے بڑھ کر 40 ہزار ہوگئی ہے جبکہ 3 ہزار 274 بیمار صحت یاب ہوگئے۔

عالمی ادارہ صحت نے امکان ظاہر کیا کہ خطے میں کورونا وائرس کی صورتحال اب مستحکم ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم سنگاپور میں مزید 7 کیسز رپورٹ ہونے سے وہاں متاثرین کی تعداد 46 ہوگئی ہے جبکہ فرانس کے پہاڑی مقام میں چھٹیاں گزارنے والے 5 برطانوی شہری بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button