صوبے کے حقوق کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سوات سمیت پورے صوبے کیلئے ترقیاتی پلان ترتیب دیا گیا ہے.
اتوار کے روز پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے فضل حکیم خان کے حجرہ میں میڈیا سے گفتگو کرtے ہوئے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ سوات میں سمال انڈسٹریل زون کیلئے اراضی کا بندوبست کیا جا رہا ہے، انڈسٹریز کیلئے ارزاں بجلی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیشل پولیس فورس کو مستقل کیا گیا ہے، آئندہ 15 یوم میں معاملہ حل ہو جائے گا، مہنگائی کا احساس ہے لیکن ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج مہنگائی ہم پر مسلط ہے آئندہ پانچ ماہ میں جس پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔
محمود خان کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرکاری بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کا پورا پورا خیال رکھا گیا ہے، صوبائی حقوق کے حصول میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، اس کیلئے آخری حد تک جائیں گے اگر وزارت اعلیٰ کو چھوڑنا پڑا تو اس سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبے کا حق دینے سے انکار نہیں کیا اور وزیراعظم اس حوالے سے انتہائی مخلص ہیں، ہم صوبہ کے حقوق کے آمین ہیں اور صوبے کے حقوق کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اربوں روپے منظور ہوئے ہیں، سوات میں 500 بستروں کے ہسپتال، کالام اور مالم جبہ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ایکسپریس وے اور دیگر ترقیاتی منصوبے تحریک انصاف کا طرہ امتیاز ہیں، مینگورہ شہر میں پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔
محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا شفافیت کے لحاظ سے صف اول نمبر پر ہے اور سرکاری بھرتیوں میں میرٹ کاخصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوات، بونیر، دیر، شانگلہ، چترال ملاکنڈ ڈویژن سمیت پورے صوبے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک پلان ترتیب دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔