خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا زکواة وعشر کونسل کی صوبہ بھر کیلئے زکواة فنڈ کے اجراء کی منظوری

خیبر پختونخوا زکواة وعشر کونسل نے صوبہ بھر کے لئے زکواة فنڈ کے اجراء کی منظوری دے دی، تمام اضلاع کو آبادی کے لحاظ سے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

یہ منظوری زکواة و عشر کونسل نے جمعرات کے روز پشاور میں ہونے والے اپنے 52ویں اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر بننے والی صوبائی اصلاحاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اصلاحات کے بعد دی۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ زکواة، عشر و سماجی بہبود محمد ادریس، ایڈیشنل سیکرٹری زکواة فیاض خان، ڈپٹی سیکرٹری شبیر احمد اور کونسل ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزارہ الاونس کی مد میں فنڈز کا حجم 60 فیصد سے بڑھا کر 68 فیصد کردیا گیا، کونسل نے احساس کفالت پروگرام کے طرز پر صوبے میں گزارہ الاونس کی مد میں فی کس سالانہ ادائیگی 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار کردی گئی جس سے صوبہ بھر میں 27 ہزار 767 مستحق خاندانوں کو سالانہ 24 ہزار روپے ادا کئے جائیں گے۔

کونسل نے تعلیم کی مد میں انٹرمیڈیٹ کے طلباء وطالبات کے لئے سالانہ مالی معاونت 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار روپے، اور بی ایس پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے مالی معاونت 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کردئے۔

اسی طرح دینی مدارس کے طلبہ و طالبات کے لئے بھی سالانہ مالی معاونت دور حدیث سے کم 12 ہزار سے بڑھا کر 24 ہزار اور دور حدیث سے اوپر درجوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے لئے 24 ہزار سے بڑھا کر 36 ہزار فی کس کردیے گئے۔

اجلاس میں جہیز کی مد میں مالی معاونت کی رقم بھی 20 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کرنے کی منطوری دے دی گئی اجلاس میں ہنگو اورشمالی وزیرستان کے لئے چیرمینوں کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button