وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی مہ جبین قزلباش کیلئے نقد امداد
خیبر پختونخوا حکومت نے پشتو کی نامور گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو نقد امداد فراہم کی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ضم اضلاع اجمل وزیر نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور معروف پشتتو گلوکارہ مہ جبین قزلباش کی عیادت کی۔
اجمل وزیر نے مہ جبین قزلباش کے بیٹے کو وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے بھیجی گئی نقد رقم دی اور کہا کہ گلوکارہ کو علاج کے معاملے میں پوری طرح سپورٹ کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوں کیلئے مختص وارڈ کا بھی دورہ کیا اور انتطامات کو تسلی بخش قرار دے دیا۔
اس موقع پر اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، حکومت نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی ہیں۔
یاد رہے کہ یکم جنوری کو مہ جبین قزلباش دل کا دورہ پڑنے پر ایل آر ایچ منتقل کردی گئی تھیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق ماہ جبین قزلباش کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ان کو ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنہ کے بعد ان کو پہلے سی سی یو اور پھر ای سی یو وارڈ منتقل کیا تھا اور تب سے لے کر آج تک وہ اسی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ مہ جبین قزلباش سال 1965 میں پشاور میں پیدا ہوئیں اور پشاور میں ہی پلی بڑھیں۔ ان کا بنیادی تعلق افغانستان کے صوبے ہرات سے ہے، ان کے دادا نے ہرات سے قندہار اور باپ نے پشاور ہجرت کی تھی۔ انہوں نے قبائلی ضلعے اورکزئی سے تعلق رکھنے والے پشتو فلموں کے ہیرو ایمل خان سے شادی کی۔
اس بارے میں مزید پڑھیں:
مہ جبین کا علاج جاری، حالت بدستور تشویشناک
مہ جبین قزلباش کیلئے 5 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان
مہ جبین قزلباش نے 13 سال کی عمر میں گلوکاری شروع کی اور اب ان کی گلوکاری کا سفر 43 سال پر محیظ پے۔ مہ جبین قزلباش کی مشہور گیتوں میں اوبہ دی وڑینہ، سپینی سپوگمئ وایہ اشنا بہ چرتہ وینہ، زہ خو ستا ستا یمہ اور مستہ ملنگہ دی کڑم شامل ہیں۔