خیبر پختونخوا

پولیو ٹیم پرحملے کے دو دن بعد صوابی میں دفعہ 144 نافذ

 

صوابی میں پولیو ٹیم پر حالیہ حملے کے دو دن بعد ضلعی انتظامیہ نے انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدہوگی۔

ڈی سی صوابی آفس سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق صوابی میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت پولیو مہم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او صوابی نے ضلعی پولیس کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ ڈبل سواری اور ہر قسم اسلحہ ساتھ لیکر چلنے اور نمائش پر پابندی کو لازمی بنائے اور ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس نے اس سلسلے میں عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور قانون پر عمل درامد یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ 29 جنوری کو صوابی میں پولیو ٹیم پرحملے کے نتیجے میں دو خواتین پولیو ورکر جاں بحق ہوگئی تھی۔

پولیس کے مطابق پولیو ورکر مسماۃ شکیلہ اور مسماۃ غنچہ گل بدھ کے روز پولیو مہم کے دوران خدمات انجام دے رہی تھیں کہ اس دوران میر علی لارہ کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے ایک پولیو ورکر مسماۃ شکیلہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسری ورکر غنچہ گل شدید زخمی ہو گئیں جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button