خیبر پختونخوا

پشاور کے بعد سوات میں بھی سکول وینز میں سی این جی سلنڈر پرپابندی عائد

 

پشاور کے بعد سوات میں بھی ضلعی انتظامیہ نے سکول وینز میں سی این جی سلنڈر پر پابندی عائد کردی۔ ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے دفعہ 144 کے تحت سکول وینز میں سی این جی سلنڈروں اور سکول گاڑیوں پر سکول بیگز آویزاں کرنے پر پابندی عائد کردی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق سکول کے گاڑیوں میں سلنڈر استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے کیونکہ سکول بچوں کے گاڑیوں میں سی این جی سلنڈر نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

ڈی سی ثاقب رضا اسلم  نے اس سلسلے میں ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو اس سلسلے میں سخت ہدایا ت جاری کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 10 دسمبر2019 کو پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے بھی سکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی کٹ استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق طلبہ و طالبات کی آمدورفت کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں میں سی این جی کٹ کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی، پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے بھی سی این ی کٹ پر پابندی لاگو ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق سی این جی کٹ پر پابندی متعدد شکایات اور عدالتی احکامات کی روشنی میں لگائی گئی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کی 10 تاریخ کو پشاور میں چارسدہ روڈ پر گاڑی میں گیس سلنڈر کا دھماکہ بھی ہوا تھا جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو ون ون ٹو ٹو کے مطابق پشاورمیں چارسدہ روڈ پر سی این جی سٹیشن پر گاڑی میں گیس بھری جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے سے سلنڈر پھٹ گیا اور گاڑی میں آگ لگ گئی۔ دھماکے سے گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔

چارسدہ روڈ پر سی این جی فلنگ سٹیشن میں دھماکہ کے بعد ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر پشاور بھر میں بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ اور ناقص سی این جی کٹ استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

پیر 13 جنوری کو پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے سی این جی سلینڈر استعمال کر نے پر بیشتر گاڑیوں کو جرمانہ اور رجسٹریشن کاغذات کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔

اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر (متنی) رضوانہ ڈار نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ کسٹم چوک میں مختلف گاڑیوں میں فٹنس سرٹیفیکیٹ اور سی این جی سلینڈروں کا معائنہ کیا، فٹنس سرٹیفیکیٹ نہ ہونے پر پچاس سے زائد گاڑیوں کے رجسٹریشن کاغذات سرکاری تحویل میں لے لیے۔ ان گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی کہ جلد از جلد متعلقہ سی این جی ورکشاپ سے سی این جی کٹ اور سلینڈر کا معائنہ کرکے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں۔

اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ باڑہ نے بھی گاڑیوں میں ناقص سی این جی ٹینکرز کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے متعدد ٹیکسی گاڑیوں سے سی این جی سلینڈرز اتارنا شروع کر دیے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نے ٹریفک پولیس کو احکامات جاری کرکے ناقص سلینڈر کے ممکنہ خطرات سے بچنے کے سلسلے میں کئی گاڑیوں سے سی این جی ٹینکیاں اتار کر انہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل کرنے کی سختی سے نوٹس جاری کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد بنگش نے کریک ڈاؤن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ باڑہ میں مقامی سطح پر سواریاں لیجانے والے گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹ اڈوں کے مالکان کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ علاقائی لوگوں کو سی این جی گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ناقص سلینڈز کی وجہ سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے باڑہ کے تمام ٹرانسپورٹروں کو چوبیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سی این جی گاڑیوں میں استعمال ہونے والی سلینڈرز ٹینکی کی کلیئرنس سرٹیفیکٹس متعلقہ سی این جی پمپوں سے حاصل کرکے پیش کریں ورنہ عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button