سوات، چیتے نے حملہ کرکے دو افراد کو زخمی کردیا، چیتا بھی ہلاک
سوات کی تحصیل مٹہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقے میں چیتے نے مقامی آبادی پر حملہ کرکے دو افراد زخمی کر دیے جبکہ مقامی لوگوں نے چیتے کو بھی ہلاک کر دیا۔
ٹی این این ذرائع کے مطابق واقعہ مٹہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقہ سربانڈہ میں پیش آیا جہاں برفانی چیتے نے دو افراد لعل محمد ولد نور محمد اور ابدالی ولد شیر مالک ساکنان سربانڈہ کو حملہ کرکے زخمی کردیا۔
مقامی لوگوں نے چیتے کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے پہاڑی علاقوں میں اس طرح کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جہاں بسااوقات اپنے مال مویشی کی حفاظت کیلئے مقامی آبادی چیتوں یا اس طرح کے جنگلی حیات کا خاتمہ ضروری سمجھتی ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے اور مقامی آبادی، ان کے مال مویشیوں کے ساتھ ساتھ برفانی چیتے جیسی نایاب جنگلی حیات کا تحفظ بھی یقینی بنائے۔