خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے نقصانات کی رپورٹ جاری
پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبہ میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران بارشوں کے باعث شمالی وزیرستان، شانگلہ، ہنگو اور دیر اپر میں مجموعی طور پر 9 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، اس دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق چترال اور دیگر اضلاع میں شدید برفباری سے بند سڑکیں کھو لنے کے لئے اقدامات جاری ہیں اور اس ضمن میں حکام متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق باجوڑ کے بارش متاثر ین میں ضروری امدادی سامان تقسیم کر دیا گیا جبکہ اضلاع میں بھی تقسیم کردیا جائے گا۔
متعلقہ خبریں:
ملک بھر میں بارش و برفباری، مختلف واقعات میں 41 افراد جاں بحق
باجوڑ میں شدید بارشوں سے مکان کی چھت گر گئی، 3 زخمی
شدید برفباری، چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
گذشتہ دو روز کے دوران خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں اکثر مقامات پر بارش ہوئی جبکہ اس دوران مالم جبہ، کالام، پاراچنار، بگروٹ، اپر دیر، چترال، دروش اور دیگر کئی بالائی علاقوں میں برفباری بھی ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کالام میں 85 ملی میٹر، مالم جبہ 58، دیر (بالائی 51، زیریں 30)، سیدو شریف 30، پٹن 28، پاراچنار، چترال 26، کاکول 25، چراٹ 23، بالاکوٹ 21، تخت بھائی 19، پشاور (سٹی 17، ائیرپورٹ 16)، ڈی آئی خان 13، میرکھنی 12، بنوں 09، دروش میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح کالام میں 45 انچ برف باری، مالم جبہ 19، چترال 11، پاراچنار 06، بگروٹ اور دروش میں 04 انچ برف باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 8 اور کالام میں منفی 3 ڈگری سینٹی ریکارڈ کی گئی۔