پیشہ ور گداگروں کے خلاف گھیرا تنگ، کریک ڈاون کے لئے قانون تیار
خیبرپختونخوا حکومت نے پیشہ ور گداگروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور ان کیخلاف کریک ڈاون کے لئے قانون تیار کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت نے ویگرنسی قانون تیار کر لیا ہے جس میں پیشہ ورگداگروں کیلئے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
ویگرنسی قانون کے مطابق بچوں کو زبردستی گدا گر بنانے پر متعلقہ شخص کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ یا ایک سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔
قانون کے تحت مجسٹریٹ گداگروں کو بطور سزاء دارالکفالہ بھیج سکتا ہے، بے گھر اور بھکاریوں کی بحالی کے لئے دارالکفالہ قائم کیا جائے گا جہاں انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنا روزگار شروع کرنے کی تربیت دی جائے گی۔
قانون کے مطابق پولیس کو پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کرنے کا اختیار حاصل ہوگا جبکہ گداگر اور بے گھر افراد رضاکارانہ طور سپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر دارالکفالہ میں داخل ہوسکتے ہیں، مجسٹریٹ کو مطمئن کرنےکے بعد گداگر یا بے گھر فرد کو دارلکفالہ چھوڑ سکتا ہے