پشاور، خستہ حال بیٹھک کی چھت گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق، 2 زخمی
پشاور میں بارش کے باعث خستہ حال بیٹھک کی چھت گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پشاور میں گزشتہ دو دنوں کے بارش کے باعث چمکنی کے علاقہ میں انقلاب روڈ پر خستہ حال بیٹھک کی چھت اچانک منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں بیٹھک میں موجود 4 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ترجمان 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا جنہوں نے ریسکیو آپریشن کے دوران 2 افراد کو مردہ جبکہ دو کو زخمی حالت میں نکال کر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا جہاں ایک کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد فارغ کردیا گیا ہے جبکہ دوسرا تاحال زیر علاج ہے جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت اعجاز علی اور رب نواز کے ناموں سے جبکہ زخمیوں کی شناخت سعید اور دلاور خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔