افغان طالبان کا 5 اہم اضلاع پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعوی
طالبان نے افغانستان کے مختلف صوبوں کے 5 اہم اضلاع کا حکومتی فورسز سے کنٹرول حاصل کر کے اپنی عمل داری قائم کرنے کا دعویٰ کر لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ زابل، اورزگان، غزنی اور نورستان کے اہم اضلاع کا کنٹرول حکومتی فورسز کو پسپا کر کے حاصل کر لیا ہے۔
اس سے قبل طالبان نے میدان وردک، بغلان اور لغمان کے چار اضلاع میں بھی اپنی حکومت قائم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس طرح مجموعی طور پر 9 اضلاع پر طالبان کی مکمل حکمرانی قائم ہو چکی ہے۔
اس حوالے سے افغانستان کے وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے عالمی خبر رساں ادارے سے بات چیت کی، انہوں نے طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے حکمت عملی کے تحت پسپائی اختیار کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے زابل سمیت 5 صوبوں کے مختلف اضلاع میں داخل ہو کر سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر قبضہ کر لیا اور گھمسان کی جھڑپ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔
واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا کا آغاز ہو چکا ہے جس کی تکمیل 11 ستمبر تک ہو جائے گی تاہم اس دوران طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں تیزی آ گئی ہے جس میں کئی محاذوں پر فتح طالبان کو حاصل رہی ہے۔