دنیا بھر میں خوشیوں کا عالمی دن کل منایا جائے گا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوشیوں کا عالمی دن کل (بروز ہفتہ) کو منایا جائے گا۔
اس دن کے منانے کا مقصد دنیا بھر میں لوگوں کو یہ پیغام دینے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں خود بھی خوش رہیں اور آس پاس کے لوگوں اور احباب کے چہروں پر بھی مسکراہٹیں لانے کی کوشش کریں۔
اس دن کا اعلان اقوام متحدہ کی جانب سے اس وقت کیا گیا جب تمام 193 اراکین ممالک نے اقوام متحدہ قرارداد کی تائید کی۔
بین الاقوامی یوم خوشی یا یوم سعادت، اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کردہ ایک عالمی دن ہے جس میں خوشی کے اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
پاکستان میں مہنگائی ،بے روزگاری کے باعث خوشیوں کے مواقع بہت کم میسر آتے ہیں جبکہ موجودہ دور میں کورونا وائرس کے خدشات، لاک ڈاؤن کے باعث شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر پابندیاں لگ چکی ہیں جس کی وجہ سے خوشیاں بالکل ختم ہو کر رہ گئی ہیں۔
چڑیوں کی حفاظت کا عالمی دن
پاکستان سمیت دنیا بھر میں چڑیوں کی حفاظت کا عالمی دن بھی کل (20 مارچ بروز ہفتہ) کو منایا جائے گا۔
اس دن کے منانے کا مقصد دنیا بھر میں گھروں کی خوبصورتی کا باعث بننے والی چڑیوں کی تیزی سے معدوم ہوتی نسل کو بچانے کیلئے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔
چڑیوں کی حفاظت کے عالمی دن کے موقع پر سماجی تنظیموں، جانوروں کے حقوق کے سرگرم تنظیموں، مختلف کلبز، یونیورسٹیز، سکولوں اور کالجوں میںمختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں خوبصورت پرندے چڑیوں کی بقاء کیلئے آگاہی فراہم کی جائے گی۔
جنگلات کا عالمی دن
پاکستان سمیت دنیا بھر میں جنگلات کا عالمی دن 21 مارچ (اتوار کو) منایا جائے گا۔
اس دن کے منانے کا مقصد عوام کو ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے جنگلات کی اہمیت کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے، جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میںمختلف تنظیموں کی جانب سے سیمینارز اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس سے خطاب کے دوران ماہرین جنگلات کی اہمیت و افادیت اجاگر کریں گے جبکہ جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ہزاروں نئے درخت بھی لگائے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق دنیا میں ہر سال 2 کروڑ درخت چوری کر لیے جاتے ہیں یہ درخت ایندھن کے طور پر گھروں میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ دنیا میں جنگلات کی کمی سے سیلاب اور خشک سالی کے خطرات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔