افغان صدر کا وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ، افغان امن عمل پر تبادلہ خیالات
افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون رابطہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان عمل معاہدہ سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں افغان امن عمل، پاک افغان تعاون میں اضافے، کورونا وائرس کی صورتحال اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا اور کورونا وائرس کی روک تھام و معیشت کے درمیان توازن سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے افغان صدر کو کورونا وائرس سے متعلق پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا وائرس سے لوگوں کی زندگیاں محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ روزگار اور معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے پر توجہ دی گئی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین افغان امن عمل پر تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے پر جلد عمل درآمد کی امید کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن خطے کے لیے انتہائی ضروری ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن او امان برقرار رکھنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی اور مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔