بین الاقوامی

سعودی عرب میں نماز تراویح کی ادائیگی پر پابندی کا اعلان

کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب کی مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی پر پابندی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب کی مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق لوگوں کو نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مارچ کے آغاز میں سعودی عرب نے ایک اور شہری کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی جبکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر اپنے شہریوں کی عمرہ ادائیگی پر بھی پابندی لگا دی تھی۔

بعدازاں سعودی حکومت نے رات کے اوقات میں مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ نماز عشاء کے ایک گھنٹے بعد بند کردی جائیں گی اور نمازِ فجر سے ایک گھنٹے قبل کھولی جائیں گی۔

خیال رہے کہ حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالے گئے جس کی وجہ سے صحن شریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا تھا۔

قبل ازیں 27 فروری کو کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے والے افراد کو عارضی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

18 مارچ کو سعودی عرب میں حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) کے علاوہ تمام مساجد میں جمعہ اور پنجگانہ نمازوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب کی سینئر علماء اتھارٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

حج کی تیاریاں مؤخرکرنے پر زور

حرم شریف میں طواف کی اجازت دیدی گئی

علماء اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ نماز کے وقت مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے علاوہ تمام مساجد کے دروازے بند رہیں گے، اس لیے شہری گھروں پر ہی نماز کی ادائیگی کریں۔

اعلان کے مطابق سعودی عرب میں نماز جمعہ کی ادائیگی بھی معطل رہے گی اور نماز جمعہ کے بدلے ظہر کی نماز یعنی چار رکعت ادا کی جائے گی۔

اس کے دو دن بعد سعودی حکام نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کردی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button