بین الاقوامی

تھائی لینڈ نے کورونا وائرس کے علاج میں کامیابی کا دعویٰ کردیا

 

تھائی لینڈ کے محکمہ صحت نے مہلک کورونا وائرس کے علاج میں ابتدائی کامیابی کا دعویٰ کردیا۔ چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرچکی ہے اور ہزاروں افراد اس سے متاثر ہیں۔

یہ مہلک وائرس چین کے علاوہ 20 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جس میں امریکا، آسٹریلیا، جاپان اور تھائی لینڈ سمیت دیگر شامل ہیں۔ تھائی لینڈ میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہے جنہیں نگہداشت میں رکھا گیا، اس کے علاوہ تھائی ڈاکٹرز نے اِس مہلک وائرس کا علاج دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تھائی محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ کورونا سے متاثرہ 71 سالہ چینی خاتون کو نزلے اور ایچ آئی وی کے مرض کی ادویات ملا کر دینے سے ابتدائی کامیابی ہوئی ہے۔ ڈاکٹرز نے دعویٰ کیا کہ  دوا دیے جانے کے 48 گھنٹے بعد بہت حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے اور اس کا نتیجہ منفی آیا ہے۔

ڈاکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ چین بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو ایڈز کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات دی جارہی ہیں اور ہم نے اس کے ساتھ مزید ادویات شامل کی ہیں جس کا فوری اثر ہوا ہے۔ ایک اور ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے زیرعلاج دو مریضوں کو بھی یہی ادویات دی گئیں جس میں سے ایک پر دوا کا منفی رد عمل ہوا جبکہ دوسرے کو افاقہ ہوا۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 19 میں سے 8 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 11 افراد کا تاحال ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

یاد رہے کہ فلپائن میں بھی کورونا وائرس کے باعث 44 سالہ شخص ہلاک ہوگیا جو چین سے باہر وائرس کے نتیجے میں پہلی ہلاکت ہے۔ وائرس سے ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق چین کے شہر ووہان سے تھا جہاں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں؟

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔ اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button